اسپغول کا چھلکا ، گھر کے ہر فرد کی صحت کا ضامن

گلوب نیوز!قبض پیچش کولیسٹرول سے نجات دلانے والی شفا بخش غذائی دوا

طب یونانی ایک مسلمہ قدرتی طریقہ علاج ہے۔ اپنی شفا بخشی اور مابعد اثرات سے پاک ادویات کے باعث اسے قبولیت عامہ کا درجہ حاصل ہے۔ زمین پر جابجا پھیلی جڑی بوٹیاں قدرت کی صناعی کا عظیم مظہر ہیں۔ اسپغول بھی ایک مشہور پودا ہے۔ اس کے بیج اور بھوسی (چھلکا)‘ دونوں بطور دوا استعمال کیے جاتے ہیں۔ اسپغول (بیج اور چھلکا) میں پانی جذب کرنے والا مادہ

موسالیج(Mucilage) ملتا ہے۔ وہ پانی کی موجودگی میں پھول کر جیلی جیسا بن جاتا ہے۔ طبی لحاظ سے اس کا مزاج دوسرے درجے میں سرد تر ہے۔ اسپغول قبض‘ پیچش‘ تیزابیت اور السر جیسے عوارض میں بڑے اعتماد کے ساتھ استعمال ہوتا ہے۔ شفابخش تاثیر کی وجہ سے اس کا شمار عام گھریلو نسخوں میں بھی ہونے لگا ہے۔

کیمیاوی ساخت اور طبی خصوصیات

کیمیائی لحاظ سے اسپغول لیسدار‘ چربیلے مادے‘ لحمی روغن (Fatty Oil)‘ وٹامن اور نشاستے کا منبع پر ہے۔ اس کے بیجوں سے ایک گلائیکو سائیڈ ’آکیوبن‘ (Aucubin) بھی حاصل ہوتا ہے۔ اپنے انہی کیمیائی اجزاء کی وجہ سے یہ مختلف امراض میں مفید ثابت ہوا ہے۔ اب کئی طبی ادارے چھلکا اسپغول محفوظ پیکٹوں میں تیار کر کے فروخت کرتے ہیں۔

آج کی تیزرفتار زندگی‘ کھانے پینے میں بے اعتدالی‘ غیرمتوازن خوراک اور آلودگی کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ اگرچہ یہ پہلے بھی موجود تھیں مگر ان کی شرح اتنی زیادہ نہ تھی جتنی اب ہے۔ ان بیماریوں میں تیزابیت‘ قبض‘ پیچش اور خون میں کولیسٹرول کا بڑھ جانا سرفہرست ہیں۔ مشہور مقولہ ہے ’’جنگوں میں اتنے افراد نہیں مرتے جتنے پیٹ کے ہاتھوں ہلاک ہوتے ہیں۔‘‘

غیرمتوازن خوراک‘ بازاری کھانوں‘ فاسٹ فوڈ‘ چائے‘ اور کولامشروبات کے بکثرت استعمال سے ہمارا نظام انہضام اس قدر متاثر ہونے لگا ہے کہ معدے‘ آنتیں اور دیگر نظام ہضم میں مددگار اعضاء کے افعال میں خلل واقع ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے قبض‘ پیچش‘ تیزابیت‘ السر اور خون میں کولیسٹرول کی زیادتی جیسے عوارض پیدا ہو رہے ہیں۔

ترکیب استعمال

دائمی قبض دور کرنے کے لیے رات کو سوتے وقت دو چمچی (سات گرام) پانی یا دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔ پیاس کی شدت‘ گرمی‘ پیچش کی شکایت ہو‘ تو دن میں دو مرتبہ دو دو چمچی ایک پیالی دہی میں ملا کر کھائیے۔

احتیاط کیجیے

٭… بدہضمی کی صورت میں چھلکا اسپغول استعمال نہ کریں۔

٭… شیرخوار بچوں (دودھ پینے والے) کو چھلکا اسپغول استعمال نہ کرائیے۔چھلکا اسپغول کا مسلسل کئی روز استعمال ضعف اعصاب (اعصاب کی کمزوری ) کا باعث بن سکتا ہے۔ لہٰذا اسے مسلسل استعمال کرنے سے گریز کیجیے۔ ۱۲؍ سال سے کم عمر کے بچوں کو نصف خوراک دیجیے۔

بیش بہا افادیت

چھلکا اسپغول افادیت کے اعتبار سے آنتوں اور معدے کو نرم اور ہموار بنانے‘ غلیظ فاسد مادوں کو اپنے ساتھ ملا کر خارج کرنے والا اور مسہل و پیشاب آور جزو ہے۔ جب یہ پانی میں بھیگ جائے‘ تو معدہ کے خامرے (Enzymes) اس لیس دار مادہ پر عمل نہیں کرتے۔ لہٰذا یہ لیس دار مادہ آنتوں میں بغیر ہضم ہوئے ان کی دیواریں نرم کرتے ہوئے گزر جاتا ہے۔

چھلکا اسپغول دائمی قبض ختم کرنے کا قدرتی ذریعہ ہے اور مابعد اثرات سے پاک ہے۔السر کے مریضوں میں چھلکا اسپغول کا لیس دار مادہ السر کے اوپر تہ بنا دیتا ہے۔ اس طرح السر ٹھیک ہونے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے لیس دار مادے میں اللہ تعالیٰ نے یہ خوبی رکھی ہے کہ یہ نقصان دہ جراثیم کے پیدا کردہ مادہ جذب کر لیتا اور اسے بے اثر بنا دیتا ہے۔معدہ اور آنتوں میں چھلکا اسپغول ان کی دیوارو ں کو خراش سے محفوظ رکھتا اور تیزابیت ختم کر کے میکانکی طور پر قبض دور کرتا ہے۔یہ اسہال و دائمی پیچش میں بھی مفید ہے۔ اس کا لیس دار مادہ امیبا کو جو پیچش کا موجب ہوتا ہے‘ حرکت کرنے نہیں دیتا اور اپنے اندر لپیٹ کر باہر نکال دیتا ہے۔معدے کی تیزابیت (Hyperacidity) میں انتہائی موثر دوا ہے۔ پیاس میں بھی تسکین دیتا ہے۔ چھلکا اسپغول خون میں بڑھا کولیسٹرول بھی کم کرتا ہے۔اس سلسلے میں سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ اسپغول ناقابل یقین حد تک کولیسٹرول کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔جَو… زمانہ قدیم سے انسانی غذا کا اہم جزو

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *