سعودی عرب نے بھارت پر پابندی عائد کر دی
سعودی عرب نے بھارت کیلئے تمام پروازوں پر پابندی عائد کر دی
کورونا وائرس سے نمٹنے میں بھارتی حکومت کی ناکامی کے بعد پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سعودی ایوی ایش نے پابندی کا نوٹم جاری کر دیا
ریاض ( 23 ستمبر2020ء) سعودی عرب نے بھارت کیلئے تمام پروازوں پر پابندی عائد کر دی، کورونا وائرس سے نمٹنے میں بھارتی حکومت کی ناکامی کے بعد پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سعودی ایوی ایش نے پابندی کا نوٹم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر سعودی حکومت نے اقدامات اٹھاتے ہوئے اپنی ساری پروازیں معطل کر دی ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے بھارت کیلئے اپنی تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے بھارت کے لیے پروازیں بند کرنے کا نوٹم جاری کر دیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق بھارت اب تک کورونا پر قابو نہیں پاسکا، سعودی حکومت کی جانب سے کورونا کی وجہ سے برازیل اور ارجنٹائن کیلئے بھی پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے 83 ہزار سے زائد نئے مریضوں کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد56 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک90 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد5646101 ہے جبکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی83347 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید1085 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد968376 ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ 45 لاکھ 87 ہزار افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد12 لاکھ 25 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ فعال کیسز اسی ریاست میں ہیں۔ بھارت میں ریاست مہاراشٹر کے علاوہ جو دیگر ریاستیں کورونا سے شدید متاثر ہوئی ہیں ان میں تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک90021 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
Leave a Reply