میاں بیوی ایک دوسرے بہت محبت کرتے تھے بیوی اتنی پیاری تھی کہ جو بھی دیکھتا ایک بار ہوش کھو بیٹھتا
وہ دونوں کلاس فیلو تھے لڑکی پوری یونیورسٹی میں خوبصورت تھی اور لڑکا تمام لڑکوں میں وجیہہ دونوں ایک دوسرے سے ٹکراتے رہے اور آخر میں دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرف۔تار ہو گئے معاملہ رومیو جولیٹ جیسا تھا دونوں کے خاندان ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے شادی مشکل تھی دونوں باعزت گھرانوں کے سعادت مند بچے تھے یہ بھاگ کر شادی کیلئے تیار نہیں تھے اور خاندان اپنے اپنے شملے نیچےنہیں لا رہے تھے
لہٰذا معاملہ پھنس گیالڑکے اور لڑکی نے پوری زندگی شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیایہ دونوں اپنے اپنے گھر میں رہتے رہے پانچ سال دونوں کے درمیان کوئی رابطہ نہ ہوا والدین شادی کی کوشش کرتے مگر یہ انکار کرتے رہے یہاں تک کہ لڑکی کے والدین ہار مان گئے لڑکی نے لڑکے کو فون کیا لڑکے نے فون اٹھایا لڑکی کی صرف ہیلو سنی اور کہا مجھے بتاؤ میں نے بارات لے کر کب آنا ہے دونوں کے والدین ملے شادی ہوئی اور دونوں نے اپنا گھر آباد کر لیا لڑکے نے کاروبار شروع کیا اللہ تعالیٰ نے کرم کیا اور وہ خوش حال ہو گئے یہ شادی بیس سال چلی اس دوران تین بچے ہو گئے خاتون کو اپنے حسن اپنی خوبصورتی پر بہت ناز تھا وہ تھی بھی ناز کے قابل وہ 45 سال اور تین بچوں کی ماں ہونے کے باوجود جوان لگتی تھی خاوند بھی روز اول کی طرح اس پر فریفتہ تھا وہ روز جی بھر کر بیوی کی تعریف کرتا تھا لیکن پھر ایک دن وہ ہوگیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا خاتون کی پر چھوٹی سی گلٹی نکلی اور یہ گلٹی پھیلتے پھیلتے ناسور بن گئی ڈاکٹروں کو دکھایا ٹیسٹ ہوئے پتہ چلا خاتون جلد کے کینسر میں مبتلا ہیں خاوند صرف خاوند نہیں تھا وہ اپنی بیوی کا مہینوال تھا وہ اپنی ران چیر کر بیوی کو کباب بنا کر کھلا سکتا تھا وہ بیوی کو لے کر دنیا جہاں کے ڈاکٹروں کے پاس گیا ایک کلینک سے دوسرے کلینک ایک ڈاکٹر سےدوسرے ڈاکٹر اور ایک ملک سے دوسرے ملک وہ دونوں چلتے رہے یہاں تک کہ ڈاکٹروں نے جواب دے دیا
خاتون کا جسم گلٹیوں سے بھر گیا یہ مصیبت ابھی ختم نہیں ہوئی کہ ایک دن دوسری آفت آن پڑی خاوند کی گاڑی ٹرک سے ٹکرائی اور وہ شدید زخمی ہو گیا وہ ہسپتال پہنچا پتہ چلا وہ بینائی کی نعمت سے محروم ہو چکا ہے آپ اس کے بعد المیہ ملاحظہ کیجئے شہر کا خوبصورت ترین جوڑا بدقسمتی ب جلد کے کینسر کی مریض اور خاوند آنکھوں سے اندھا لوگ انہیں دیکھتے تھے تو کانوں کو ہاتھ لگاتے تھے لیکن یہ دونوں اس کے باوجود مطمئن تھے یہ روز صبح باغ میں واک بھی کرتے تھے سینما بھی جاتے تھے اور ریستورانوں میں کھانا بھی کھاتے تھے بیوی خاوند کا ہاتھ پکڑ کر ساتھ ساتھ چلتی تھی وہ اسے گائیڈ کرتی تھی اور خاوند بیوی کی گائیڈینس پر چلتا جاتا تھا یہ سلسلہ بھی کئی ماہ تک چلتا رہالیکن پھر بیوی نے خاوند سے ایک عجیب مطالبہ کر دیا وہ اکیلی سوئٹزرلینڈ جانا چاہتی تھی خاوند نے وجہ پوچھی بیوی کا کہنا تھا وہ دس پندرہ دن اکیلی رہنا چاہتی ہے۔خاوند نے اس کے ساتھ جانے کی ضد کی لیکن وہ نہ مانی اصرار اور انکار بڑھتا رہا یہاں تک کہ آخر میں وہی ہوا جو ایسے معاملات میں ہوتا ہے خاوند نے بیوی کو اجازت دے دی۔بیوی سوئٹزر لینڈ چلی گئی خاوند نے وہ دس دن بڑی مشکل سے گزارے وہ شادی کے 20 برسوں میں ایک دن کیلئے بھی اکیلے نہیں ہوئے تھے
یہ ان کی جدائی کے پہلے دس دن تھے یہ دس دن پہاڑ تھے خاوند اس پہاڑ تلے سسکتا رہا دس دن بعد بیوی نے آنا تھا خاوند ائیرپورٹ پہنچا لیکن بیوی نہ آئی۔خاوند کو دنیا ڈولتی ہوئی محسوس ہوئی وہ سارا دن بیوی کو فون کرتا رہا بیوی سے رابطہ نہ ہوا لیکن شام کو بیوی کا خط آ گیا وہ خط ان کے بیٹے نے پڑھا وہ خط صرف خط نہیں تھا وہ ایک تحریری قیامت تھی اور پورا خاندان اس تحریری قیامت کا شکار ہوتا چلا گیا میں اس قیامت کی طرف آنے سے قبل آپ کو دنیا کی ایک خوفناک لیکن دلچسپ حقیقت بتاتا چلوں۔دنیا میں ایسے بے شمار سینٹرز ہیں جہاں آپ اپنی مرضی سے مر سکتے ہیں یہ سینٹرزلاعلاج مریضوں کیلئے بنائے گئے ہیں۔دنیا میں یہ لوگ جب امراض کا بوجھ اٹھا اٹھا کر تھک جاتے ہیں اور یہ چین کی موت مرنا چاہتے ہیں تو یہ لوگ ان سینٹرز میں جاتے ہیں اپنی میڈیکل رپورٹس دکھاتے ہیں ڈاکٹرز ان کی حالت اور رپورٹ چیک کرتے ہیں ان سے یہ حلف نامہ لیتے ہیں ہم اپنی مرضی سے دنیا چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کی مرضی سے ان کی موت کا دن اور وقت طے کرتے ہیں ان کی آخری خواہش پوری کرتے ہیں اور پھر انہیں زہ ر کا ٹیکہ لگا کر دنیا سے رخصت کر دیتے ہیں یہ عمل طبی زبان میں یوتھانیزیایعنی آسان موت کہلاتا ہے یہ دنیا کے 7 ممالک میں قانونی ہے
اور اتنے ہی ملکوں میں اس کی اجازت کیلئے بحث چل رہی ہے۔سوئٹزر لینڈ بھی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں یوتھانیزیا کو قانونی سٹیٹس حاصل ہے زیورخ شہرمیں یوتھانیزیا کا سینٹر بنا ہے یہ سینٹر انتہائی خوبصورت جگہ پر قائم ہے سینٹر کے کمرے پہاڑوں آب شاروں اور جھیلوں کے کنارے بنائے گئے ہیں مریض بیڈ پر لیٹ کر زندگی کی آخری صبحیں اور شامیں دیکھتے ہیں اور آخر میں مہربان ڈاکٹروں اور نرسوں کے ہاتھوں میں زندگی کی سرحد پار کر جاتے ہیں وہ خاتون بھی یوتھانیزیا کیلئے سوئٹزر لینڈ گئی تھی وہ کینسر کا دکھ برداشت نہیں کر پا رہی تھی چنانچہ اس نے آسان موت لینے کا فیصلہ کر لیا وہ زیورخ گئی۔زندگی کے آخری دس دن گزارے اور عین اس وقت اپنے لئے موت کا تعین کر لیا جب اس کی فلائیٹ نے وطن کی مٹی کو چھونا تھا ادھر فلائیٹ اتری اور ادھر وہ زندگی کی سرحد پار کر گئی خاتون کا آخری خط بیٹے کے ہاتھ میں تھا وہ سسکیاں لے لے کر خط پڑھ رہا تھا اور خاوند سر جھکا کر اپنی بیگم کا ایک ایک لفظ سن رہاتھا۔بیوی نے اپنی پوری زندگی کا احاطہ کیا اس نے بتایا وہ جب پہلی بار یونیورسٹی میں ملے تھے تو اس نے کیا محسوس کیا تھا وہ یونیورسٹی میں لڑتی کیوں تھی اور وہ کون سا دن تھا جب لڑتے لڑتے اسے اس سے محبت ہو گئی تھی اس نے فراق کے وہ پانچ سال کیسے گزارے تھے اور اس نے شادی کے بعد اپنے بچوں کو ملازموں کے رحم وکرم پر کیوں چھوڑے رکھا تھا میں اپنی محبت کو تقسیم نہیں کر سکتی تھی میں تمہارا حصہ اپنے بچوں کو بھی نہیں دے سکتی تھی
اس نے 20 سال کی ازدواجی زندگی کس مسرت اور سرشاری میں گزاری اور پھر جب اسے پہلی گلٹی نکلی تو اس نے کیا محسوس کیا وہ خود کو روز بروز بدصورت ہوتا ہوا دیکھتی تھی تو اس کے دل پر کیا گزرتی تھی وہ قدرت کا یہ فیصلہ بھی سہتی چلی گئی لیکن پھر عجیب واقعہ ہواآپ نے پہلے بچے بورڈنگ سکول میں بھیج دیئے میں جانتی تھی آپ نے یہ فیصلہ کیوں کیاآپ نہیں چاہتے تھے میرے بچے مجھے اس حالت میں دیکھیں اور پھر میں ان کی آنکھوں میں اپنے لئے ترس دیکھوں۔پھر آپ ملازموں کو رشوت دیتے تھے اور وہ روزانہ کوئی نہ کوئی شیشہ توڑ دیتے تھے میں آپ سے شیشے لگوانے کا کہتی تھی آپ ہنس کر ٹال جاتے تھے یوں آہستہ آہستہ گھر سے سارے آئینے غائب ہو گئے آپ نہیں چاہتے تھے میں اپنی آنکھوں سے اپنی بدصورتی دیکھوں بات اگر یہاں تک رہتی توبھی میں برداشت کر جاتی لیکن آپ نے آخر میں عجیب کام کیا آپ نے ایکسیڈنٹ کیا اور خود کو اندھا ڈکلیئر کر دیا میں جانتی ہوں آپ کی آنکھیں ٹھیک ہیں آپ مسلسل چھ ماہ سے اندھے پن کی ایکٹنگ کر رہے ہیں اور میں یہ بھی جانتی ہوں آپ نے ایسا کیوں کیاآپ نہیں چاہتے تھے۔میرے دل میں ایک لمحے کیلئے بھی یہ خیال آئے میں آپ کو بدصورت دکھائی دے رہی ہوں
یا میں آپ کی آنکھوں میں اپنی بدصورتی کو پڑھ لوں چنانچہ آپ اندھے بن گئے آپ کا یہ مصنوعی اندھا پن محبت کی انتہا تھی میں یہ انتہا برداشت نہ کر سکی چنانچہ میں نے دنیا سے رخصت ہونے کا فیصلہ کر لیا میں دنیا سے جا رہی ہوں آپ اب پلیز اندھے پن کی یہ ایکٹنگ بند کر دیں یہ خط پکڑیں اور خود پڑھنا شروع کر دیں یہاں پہنچ کر بیٹے کے منہ سے چیخ نکل گئی۔باپ نے اس کے ہاتھ سے خط لیا اور اونچی آواز میں پڑھنا شروع کر دیا آپ پلیز میرے بعد اپنا خیال رکھئے گا سارے تولئے الماری میں رکھے ہیں میں درزی کو پانچ سال کے کپڑے دے آئی ہوں وہ سال میں دس جوڑے سی کر دے جائے گا آپ نے وہ سارے کپڑے پھٹنے گھسنے تک پہننے ہیں دانت چیک کراتے رہا کریں اور صبح کی سیر کبھی نہیں بھولنی اور آخری بات چڑیوں کو روز دانا ڈالنا ہے اور میری بلیوں کا ہمیشہ خیال رکھئے۔
Leave a Reply