موسم سرما میں نزلہ زکام سے نجات پانے کی تدابیر
گلوب نیوز:موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی بچے بڑے سب کھانسی ، نزلہ ، زکام اور بخار میں مبتلا ہوجاتے ہیں . مختلف قسم کے وائرس ، موسم کی ٹھنڈک ، سرد ہوائیں اور الرجی نزلہ زکام اور دیگر بیماریوں کاسبب بنتے ہیں .ایسے میں احتیاط اور علاج دونوں لازم ہیں . ادویات کے علاوہ کچھ دیسی طریقہ کار بھی موجود ہیں جن کے ذریعے گھر پر ہی نزلہ زکام ، کھانسی اور بخار کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے .
حکیم اس ضمن میں جو ٹوٹکے بتاتے ہیں ان میں سے چند درج ذیل ہیں .
ایک چمچ شہد میں چند قطرے ادرک کا رس ملا لیں۔ یہ آمیزہ نیم گرم پانی کے ساتھ نزلہ، زکام ، کھانسی اور ٹھنڈ سے متاثرہ بچوں کو پلائیں۔ البتہ یہ نسخہ ایک سال سے کم عمر بچوں پر آزمانے سے گریز کریں .
لہسن کے چند جوے اور ایک چمچ اجوائن کو توے پر سینک لیں۔ اس کے بعد دونوں اجزا کو ململ کے کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنا لیں۔ تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر اس پوٹلی کو سوئے ہوئے بچےکے نزدیک رکھ دیں۔ یہ ٹوٹکا ٹھنڈ ختم کرنے کیلئے مفید ہے۔
کھانسی ، سینے کی جکڑن اور بخار سے آرام کے لیے ایک پیالی گرم پانی میں تازہ ادرک کچل کراس کا ایک چائے کا چمچ رس شہد کے ساتھ ملاکر پیئیں ۔ اس سے بلغم خارج ہوتا ہے اور پسینہ آکربخار دور ہوجاتا ہے۔ ایک چائے کا چمچ تلسی کے تازہ پتوں کا رس ملانے سے یہ اور بھی مفید ہو جاتا ہے۔ تلسی کے خشک پتے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
بغیر دودھ کی چائے میں شکر کی جگہ شہد اور لیموں کا رس شامل کر کے پینا چاہیے۔ نیز گرم پانی میں چائے کاایک چمچ شہد اور تازہ لیموں کا رس نچوڑ کر پینے سے چھلے ہوئے گلے کو بہت آرام ملتا ہے۔
چھوٹے بچوں کے لیے گھر میں کھانسی کا شربت تیار کیا جا سکتا ہے . ادرک، تلسی، بڑی الائچی اور کالی مرچیں لے کر پانی میں جوش دیں۔ چولہا بند کرنے کے بعد اسے ٹھنڈا کرلیں، اسے ذائقہ دار اور مزید مؤثر بنانے کے لیے حسب ضرورت شہد شامل کرکے بچوں کو پلائیں۔
Leave a Reply