بیوی کو تنور میں ڈال دیا
ایک منافق انتہائی بخیل تھا، اس نے اپنی بیوی کو قسم دی کہ اگر تونے کسی کو کچھ دیا تو تجھ پر طلاق ہے. ایک دن ایک سائل ادھر آ نکلا اور اس نے خدا کے نام پر سوال کیا، اس عورت نے تین روٹیاں اسے دے دیں. واپسی پر اس سائل کو وہی بخیل مل گیا اور پوچھا تجھے یہ روٹیاں کس نے دی ہیں ؟ سائل نے اس کے گھر کے متعلق بتایا کہ مجھے وہاں سے ملی ہیں.
بخیل تیز قدموں سے گھر کی طرف چل پڑا اور گھر پہنچ کر بیوی سے بولا میں نے تجھے قسم نہیں دی تھی کہ کسی سائل کو کچھ نہیں دینا ؟ بیوی بولی سائل نے اللہ کے نام پر سوال کیا تھا لٰہذا میں رد نہ کر سکی. کنجوس نے جلدی سے تنور بھڑکایا، جب تنور سرخ ہو گیا تو بیوی سے کہا اٹھ اللہ کے نام پر تنور میں داخل ہوجا. عورت کھڑی ہوگئی اور اپنے زیورات لیکر تنور کی طرف چل پڑی، کنجوس چلایا کہ زیورات تو یہیں چھوڑ جا.
عورت نے کہا آج میرا محبوب سے ملاقات کا دن ہے، میں اس کی بارگاہ میں بن سنور کر جاؤں گی، اور جلدی سے تنور میں گھس گئی. اس بدبخت نے تنور کو بند کر دیا. جب تین دن گزر گئے تو اس نے تنور کا ڈھکنا اٹھا کر اندر جھانکا مگر یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ عورت اللہ تعالٰی کی قدرت سے اس میں صحیح و سالم بیٹھی ہوئی تھی. ہاتفِ غیبی نے آواز دی” کیا تجھے علم نہیں کہ آگ ہمارے دوستوں کو نہیں جلاتی ؟ “
Leave a Reply