کمبل سے پاوں باہرنکال کر سونے کے حیرت انگیز اثرات، ماہرین کی نئی تحقیق سامنے
کچھ افراد کی عادت ہوتی ہے کہ وہ دوران نیند اپنا ایک پاوں بستر سے باہر نکالے رکھتے ہیں جبکہ کچھ تو ایسے بھی ہوتے ہیں جو کہ دونوں پاوں ہی لحاف یا کمبل سے باہر رکھتے ہیں۔ یہ افراد ایسا کیوں کرتے ہیں، اس بارے میں تو خود ان کو بھی نہیں معلوم ہوتا ہے، البتہ وہ یہ ضرور جانتے ہیں کہ اس طریقے سے وہ زیادہ اچھی نیند سوتے ہیں
اور اگر کوئی شخص ان کے پاوں پر کمبل یا لحاف ڈالے دے تو ان کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ سائنس نے اس کی وجہ ڈھونڈ نکالی ہے جو کہ خاصی دلچسپ ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ دراصل ایک پاوں بستر سے باہر رکھنے کی صورت میں جلد کے نیچے موجود خاص طرح کی خون کی نالیاں متحرک ہوجاتی ہیں۔ یہ خون کی نالیاں جلد کی انتہائی اوپری سطح پر ہی ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ کمبل کے اندر موجود پاوں اور کمبل سے باہر موجود پاوں کے درجہ حرارت کو آسانی سے محسوس بھی کرسکتی ہیں۔ اسی درجہ حرارت کو محسوس کرتے ہوئے یہ متحرک ہوتی ہیں۔ جس وقت پاوں سے کمرے کی ٹھنڈی ہوا ٹکراتی ہے تویہ نالیاں جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اچھی اور پرسکون نیند سونے کیلئے جسم کا درجہ حرارت کم ہونا بے حد ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جوں ہی پاوں کے ذریعے جسم کو موصول ہونے والے سگنلز کی بدولت جسم کا درجہ حرارت کم ہوتا ہے، ویسے ہی نیند آنا شروع ہوجاتی ہے۔اسی مرحلے کو ماہرین یوں بھی بیان کرتے ہیں کہ جس وقت دماغ تھک جاتا ہے اور آرام کا طلبگار ہوتا ہے تو یہ جسمانی افعال کو سست کرنے لگتا ہے، ساتھ ہی جسم کا درجہ حرارت بھی گرنے لگتا ہے اور نیند کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ اگر آپ بھی نیند کی کمی کا شکار ہیں تو رات سونے سے قبل بستر سے اپنا ایک پاوں باہر رکھ کے سونے کی کوشش کیجئے گا، غالب امکان یہی ہے کہ آپ اچھی اور پرسکون نیند سوجائیں گے
Leave a Reply