وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کردی
سردیوں کی آمد اور گیس کی ممکنہ بچت ، وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کردی
اسلام آباد( آن لائن) وزیرِ اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ چند ماہ میں گیس کی طلب و رسد میں فرق کے پیش نظر عوام کو گیس کی ممکنہ بچت کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گیس کی طلب و رسد کی موجودہ صورتحال اور آئندہ چند ماہ کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہو اجس میں وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ توانائی عمر ایوب، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو ملک میں گیس کی طلب و رسد کی موجود صورتحال، مقامی گیس کی پیداوار میں ہونے والی کمی، گیس کی طلب کو پورا کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکاء کو آئندہ چند ماہ خصوصی دسمبر اور جنوری میں گیس کی طلب و رسد میں فرق اور اس صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے سے ضروری اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ مقامی گیس کی پیداوار میں کمی اور مقامی اور درآمد شدہ گیس کی قیمتوں میں پائے جانے والے فرق کی وجہ سے آئندہ چند ماہ کی گیس ضروریات خصوصا گھریلو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے تمام صوبائی حکومتوں کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی پائپ لائن بچھانے سے 100-150ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی یقینی بنائی جا سکے گی۔ اس حوالے سے رائٹ آف وے کے معاملے پر سندھ حکومت سے درخواست کی جا رہی ہے تاکہ اس پر جلد از جلد عمل درآمد کرایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ چند ماہ میں گیس کی طلب و رسد میں فرق کے پیش نظر عوام کو گیس کی ممکنہ بچت کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم اور چینی عوام کی بنیادی ضرورت ہیں لہذا ان کی دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں گندم کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائےاورگندم کی درآمد میں پیش رفت پر انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملک میں گندم کی دستیابی کی صورتحال، نجی اور سرکاری سطح پر کی جانے والے درآمد میں اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی اور وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے اب تک تقریباً چار لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی جا چکی ہے،مزید دس لاکھ ٹن اگلے ماہ ملک میں پہنچ جائے گی۔
Leave a Reply