موسمِ گرما کا پھل لیچی کس قدر فائدے مند ہے؟ جانیئے صحت اور خوبصورتی سے متعلق لیچی کے فوائد
سُرخ رنگ کے سخت چِھلکے اور اندر سے نرم جیلی جیسا پھل جو ذائقے میں سب سے منفرد یہ خوبصورت پھل موسم گرما میں ہمیں میسر ہوتا ہے جسے لیچی کہتے ہیں، یہ جتنا خوش ذائقہ ہے اتنی ہی خصوصیات کا حامل ہے لیکن اس کے ان گنت فوائد سے اب تک بہت سے لوگ لاعلم ہیں۔
آم، جامن تربوز اور دیگر پھلوں کی طرح یہ پھل بھی گرمیوں میں آتا ہے اور یہ گرمی کے موسم میں ٹھنڈک کا فرحت بخش احساس دیتا ہے۔
یہ ایک ایسا پھل ہے جس کو زیادہ دِنوں تک ذخیرہ نہیں کیا جا سکتا اس کے اوپر سرخ رنگ کا موٹا چھلکا ہوتا ہے جب کہ اندر جھلی نما سفیدی مائل گودا خوش ذائقہ ہوتا ہے اس کا ذائقہ کھٹا میٹھا سا ہوتا ہے جبکہ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔
اس پھل کا استعمال اس لئے بھی ہمارے لئے فائدے مند ہے کیونکہ یہ رسیلا پھل ہے اور اس کے استعمال سے ہمارے جسم کی پانی کی کمی دور ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ لیچی کے اور کون کون سے فوائد ہیں آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
لیچی کے صحت اور خوبصورتی پر فوائد
• بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے مفید
لیچی ایک ایسا پھل ہے جو بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے مفید ہے ماہرین بھی اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں، اس میں موجود پوٹاشیم کی زیادہ جب کہ سوڈیم کی کم مقدار بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے کیلئے فائدہ مند ہے اس لئے بلڈ پریشر کے مریضوں کو گرمی کے موسم میں اس پھل کا استعمال لازمی کرنا چاہیئے۔
وزن میں کمی
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بڑھتا ہوا وزن کم ہو جائے تو آپ لیچی کھائیں، لیچی میں موجود فائبر انسان کے وزن میں کمی کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے جبکہ یہ پھل کم کیلوریز رکھتا ہے جس کی وجہ سے اس کا استعمال وزن بڑھنے نہیں دیتا۔
مختلف بیماریوں سے نجات
لیچی کا استعمال کرنے سے آپ کا جسم مختلف وائرس کا شکار ہونے سے بچتا ہے، اس پھل میں لیچیٹینین اور پرانتھوساینڈنز ہوتے ہیں جو انسانی جسم میں وائرس کو حملہ آور نہیں ہونے دیتے۔
صحت کے ساتھ ساتھ لیچی کا استعمال خوبصورتی میں اضافے کی وجہ بھی بنتا ہے۔
چکنی جلد اور ایکنی کیلئے
اگر لیچی کے رس کے چند قطرے عرقِ گلاب میں مکس کر کے لگائے جائیں تو چکنی جلد سے مکمل طور پر چھٹکارا ملے گا اورساتھ ہی دانوں کا مسئلہ بھی ختم ہو جائے گا، اس مکسچر کو چہرے پر کم سے کم 20 منٹ لگانا ہوگا۔
بالوں کیلئے مفید
لیچی میں کاپر کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو بالوں کی نشونما کے لئے بےحد مفید ہے اگر 2 کھانے کے چمچ ایلوویرا کا گودا لیچی کے ذرا سے جوس کے ساتھ ملا کر ایک گھنٹے کیلئے بالوں پر لگایا جائے تو اس کا جادوئی کمال دیکھ کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔
جلد کو جوان بنائے
لیچی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامز بڑھتی عمر کے اثرات کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، جلد کو جوان رکھنے کے لئے ایک کیلا چار سے پانچ لیچی کے گودے کے ساتھ ملا کر اچھی طرح پیسٹ بنالیں، اب 15 منٹ کیلئے یہ ماسک اپنے چہرے پر لگائیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں پھر دیکھیں اس کا کمال۔
Leave a Reply