میاں بیوی والا عشق
لوگ بیوی کی خوشی چاہنے کو زن مریدی کہتے ہیں۔ میں کہتا ہوں اس آدمی سے پوچھیں جس کی بیوی اس سے خوش ہے، وہ مرید ہے کہ مراد۔
خوش ہو کر ہی تو عورت عورت بنتی ہے۔ عورت کو دیکھنا ہو تو اس کی خوشی دیکھیں، اسے خوشی میں دیکھیں۔ ماں بہن بیوی بیٹی اگر خوش نہ ہوں تو دیکھ لیں، اور اگر خوش ہوں تو دیکھ لیں۔
ذرا یاد کریں، آپ کی بیوی آپ سے خوش ہوتی ہے تو کیا کرتی ہے، کیا کہتی ہے، نافرمانی کرتی ہے، یا فرمانبرداری، بد زبانی کرتی ہے یا تہذیب و شائستگی کا مظاہرہ؟ میں دعوے سے کہتا ہوں عورت شوہر سے خوش ہوتی ہے، تو فرمانبرداری کرتی ہے، اس کا ہر کام بھاگ بھاگ کر کرتی ہے، بغیر کہے کرتی ہے، نرم و نازک لہجے میں خوبصورت باتیں کرتی ہے، تہذیب و شائستگی سے بلاتی ہے، اور ناز و ادا سے لبھاتی اور رجھاتی ہے، اور ایسا کر کے خوش ہوتی ہے۔
آپ نے کبھی کوئی گفٹ دیا ہو تو یاد کریں کیا کیا تھا اس نے، بدتمیزی کی تھی، نافرمانی کی تھی؟ نہیں اس نے آپ کا بڑے پیار سے شکریہ ادا کیا ہو گا، آپ کے گفٹ کو چوما ہو گا، بار بار دیکھا ہو گا، آنکھوں سے لگایا ہو گا، آپ کو بغیر مانگے چائے کافی پلائی ہو گی، اور آنے والے دنوں کی خوبصورت باتیں کی ہوں گی۔
کبھی رات کو اٹھ کر وہ گفٹ دیکھا ہو گا، اس گفٹ کے بارے میں سوچا ہو گا، اور کبھی آپ کو سوئے ہوئے دیکھا ہو گا، دیکھ کر مسکایا ہو گا۔
آپ کیسے کہتے ہیں بیوی کو خوش رکھو تو وہ سر پر چڑھ جاتی ہے۔
آپ کو پتہ ہے عورت شادی کیوں کرتی ہے؟ عورت شادی کرتی ہی عزت اور خوشی کے لئے ہے۔ ذلت اور پیسے تو شادی کے بغیر بھی مل جاتے ہیں۔
دنیا کے تمام رشتے میاں بیوی کے رشتے سے نکلتے ہیں، اور میاں بیوی کے رشتے میں ختم ہو جاتے ہیں۔ اپنے اس رشتے کی دل و جان سے حفاظت کریں، اور اسے خوبصورت سے خوبصورت بنائیں۔
منقول
Leave a Reply