سعودی عرب میں مقیم پاکستانی خبردار ہوجائیں
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی خبردار ہوجائیں
پانچ مقامات پر گاڑی پارک کرنے پر جرمانہ عائد ہو گا
ریاض( اکتوبر2020ء) سعودی عرب میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کروایا جاتا ہے، کئی ٹریفک خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن پر عائد ہونے والا جرمانہ پاکستانیوں کی ایک ماہ کی تنخواہ سے بھی زائد ہوتا ہے، اسی وجہ سے مملکت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی شرح میں کمی آ گئی ہے۔ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ پانچ مقامات ایسے ہیں جہاں پارکنگ کرنا خلافِ قانون ہے اور ایسا کرنے والوں پر جرمانہ عائد ہو گا۔محکمہ ٹریفک کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ مقامات جن پر No Parking کا بورڈ لگا ہو، وہاں پارکنگ سختی سے منع ہے۔ اسی طرح کسی بھی سڑک کے موڑ، آخری حصے اور چوک میں گاڑی کھڑی کرنے پر بھی جرمانہ ہو گا۔پل یا انڈر پاس سے 20 میٹر سے کم دُوری پر پارکنگ کرنا بھی خلاف ورزی کے ضمن میں آتا ہے۔ جن سڑکوں کے فٹ پاتھ زرد رنگ کے ہوں، وہاں بھی پارکنگ منع ہے، اسی طرح فائر بریگیڈ کے واٹر پوائنٹس سے 7 میٹر سے کم فاصلے پر گاڑی پارک کرنے کی صورت میں بھی جرمانہ ہوگا۔واضح رہے کہ سعودی ٹریفک قانون کے تحت شاہراہوں اور بڑی سڑکوں پر سُست رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں پر 100 سے 150 ریال تک کا جرمانہ ہو گا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کئی ڈرائیور سڑک پر ہونے والے حادثے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے گاڑی روک لیتے ہیں یا رفتار ہلکی کر لیتے ہیں۔یہ رویہ بھی سڑک پر سفر کرنے والوں کی زندگیوں کو خطرات میں ڈال سکتا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق کئی لوگ شاہراہوں اور سڑکوں پر گاڑی چلاتے وقت دیگر مسافروں سے باتیں کرنے کے لیے گاڑی کی رفتار ہلکی کر لیتے ہیں۔ کئی ڈرائیور راستہ پوچھنے کے لیے بھی گاڑی کی رفتار گھٹا دیتے ہیں یا سڑک پر ہونے والے حادثے کو دیکھ کر گاڑی روک لیتے ہیں۔ ایسا کرنا سڑک پر سفر کرنے والوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
Leave a Reply