ماں کے پیٹ میں بچے کی مختلف پوزیشنز کا مطلب اور بچے کی شخصیت

ماں کے پیٹ میں بچہ پرورش کے دوران اپنی پوزیشن بدلتا رہتا ہے اور بچے کی اس نقل و حرکت پر نظر رکھنا اتنا ہی ضروری ہوتا ہے جتنا پیدائش سے پہلے اُس کی نشوونما اور دل کی دھڑکن کو وقتاً فوقتاً ڈاکٹر سے معائنہ کروانا ضروری ہوتا ہے اور ان سب چیزوں پر نظر رکھنا بچے اور ماں کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، بچے کی ماں کے پیٹ میں پوزیشن بچے کی پیدائش سے پہلے بہت اہمیت رکھتی ہے۔

اس آرٹیکل میں ہم سمجھیں گے کہ بچے کا ماں کے پیٹ میں مختلف پوزیشن بدلنے کا کیا مطلب ہے اور ان مختلف حالتوں میں بچے کی حفاظت اور صحت کے لیے کیا اقدامات کرنے چاہیے تاکہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند اور بحفاظت رہ سکیں۔

نمبر 1 اینٹریر پوزیشن

بچہ ماں کے پیٹ میں اس پوزیشن پر عام طور پر 9 مہینے پورے کرنے کے بعد پیدائش سے پہلے آجاتا ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق پیدائش کے وقت بچے کا اس پوزیشن پر ہونا انتہائی اہم ہے، اس پوزیشن پر بچے کا سر نیچے کی طرف ہوتا ہے اور اُس کی کمر ماں کے پیٹ کی طرف ہوتی ہے اور پیدائش کے دوران ماں کو بچے کو زور لگا کر پیدا کرنے میں انتہائی آسانی ہوتی ہے۔

نمبر 2 پوسٹیریرپوزیشن

اس پوزیشن پر بھی بچے کا سر نیچے کی طرف ہوتا ہے مگر اُس کی کمر ماں کی کمر کی طرف ہوتی ہے اور ایسی حالت میں ماں کو بچے کی پیدائش کرنے میں دشواری پیش آتی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس پوزیشن پر بچے کی ماں کے پیٹ سے پیدائش کا عمل سُست ہوجاتا ہے جس سے ماں کو زیادہ زور لگانا پڑتا ہے اور وہ تکلیف میں مبتلا ہوتی ہے اور بچہ پیدائش کے دوران ماں کی کمر کو متاثر کر سکتا ہے ۔

نمبر 3 ٹرانسورس پوزیشن

اس پوزیشن پر لگتا ہے کہ بچہ آرام سے کمر کے بل لیٹا ہے اور سو رہا ہے اور عام طور پر بچہ پیدائش کے وقت اپنی اس پوزیشن کو بدل لیتا ہے اور سر نیچے کی طرف ہو جاتا ہے مگر اگر بچہ پیدائش کے مقررہ وقت پر اپنی پوزیشن نہ بدلے تو ڈاکٹرز کو مجبوراً ماں کی زندگی بچانے کے لیے سی سیکشن آپریشن کرنا پڑتا ہے۔

نمبر 4 بریچ پوزیشن

اس پوزیشن پر بچے کا سر اوپر کی طرف ہوتا ہے اور یہ پوزیشن بچے کے لیے محفوظ سمجھی جاتی ہے مگر اگر بچہ پیدائش کے مقررہ وقت پر اس پوزیشن پر ہو تو پھر یہ پوزیشن ماں اور بچے دونوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے اور ڈاکٹرز کو بچے کو بحفاظت دُنیا میں لانے کے لیے سی سیکشن آپریشن کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔

عام طور پر جو مائیں جڑواں بچوں کو پیدا کرتی ہیں اُن میں سے ایک بچہ اس پوزیشن پر ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے اور ایسی حالت میں بچے کے پاؤں دُنیا میں پہلے آتے ہیں اور سر بعد میں، ہمارے ہاں عام طور پر اس پوزیشن پر پیدا ہونے والے بچے کو اُلٹا پیدا ہونے والا کہتے ہیں۔

کیا بچے کی پوزیشن ماں کے پیٹ میں بدلی جاسکتی ہے؟

بچے کی ماں کے پیٹ میں پوزیشن بدلی جاسکتی ہے عام طور پر بچہ ماں کے پیٹ میں 36 ہفتے پُورے کرنے کے بعد اپنا سر نیچے کی طرف کر لیتا ہے اور جو بچے ایسا نہیں کرتے وہ عام طور پر پیدائش سے پہلے انٹیریر یا پوسٹیرئر پوزیشن پر آ جاتے ہیں، اس کے علاوہ ڈاکٹرز اور دائیاں بھی بچے کی پوزیشن بدلنے کے فن سے واقف ہوتی ہیں اور پیدائش سے پہلے بچے کا سر نیچے کی طرف کر لیتی ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر ماں بچے کی پیدائش سے پہلے روٹین سے ورزش کرے، روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ پیدل چلے اور ہاتھوں اور گھٹنوں کی ورزش کرے تو وہ اتنی صحت مند ہو جاتی ہے کہ بچے کو قدرتی طور پر پیدائش کے لیے محفوظ پوزیشن پر لے آتی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین کو کُرسی پر بیٹھنے کی بجائے میڈیکل بال پر بیٹھنا بھی بچے کی با حفاظت پیدائش میں مدد گار ہوتا ہے۔

ماں کے پیٹ میں بچے کی شخصیت

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچے کی شخصیت ماں کے پیٹ سے ہی بننا شروع ہو جاتی ہے اور حاملہ ماں کا موڈ بچے کی شخصیت پر اثر انداز ہوتا ہے، حاملہ عورت کی ذہنی حالت بچے کی نفسیات پر اثر انداز ہوتی ہے اور اگر کوئی ماں بچے کو اپنے پیٹ میں پال رہی ہے تو اُسے چاہیے کہ ہر طرح کے لڑائی جھگڑے سے دُور رہے اور اپنے مُوڈ کو بہتر رکھے خاص طور پر جب بچہ پیٹ میں 6 سے 7 مہینے مکمل کر لیتا ہے تو ماں کو ہرگز ہرگز چیخنا چلانا یا چڑچڑا پن نہیں دیکھانا چاہیے کیونکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچہ اس وقت سُننے اور محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر ماں چلاتی ہے تو بچہ پیٹ کے اندر بے چین ہو سکتا ہے اور یہ بات اُس کی شخصیت پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

حاملہ خواتین اگر اپنی خوراک کا ٹھیک سے خیال نہ رکھیں تو بھی یہ چیز بچے کی صحت اور نفسیات پر اثر انداز ہوتی ہے اور اُسے کمزور کرتی ہے اور کمزوری بچے میں پیدائشی چڑاچڑا پن پیدا کر سکتی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *