اگر سینے میں درد ہو تو یہ دل کا دورہ ہے یا روٹین کا درد؟ فوراً معلوم کرنے کا آسان طریقہ

سینے میں درد ہو تو یہ دل کے دورے کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے اور معمول کی تکلیف بھی، تاہم آپ ان میں فرق کیسے کریں گے؟ اب امراض دل کے دو ماہر ڈاکٹروں نے اس کا جواب دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق نیویارک کے ڈاکٹر کرسٹوفر کیلی اور مارک ایسنبرگ کا کہنا ہے کہ سینے کی وہی درد پریشان کن ہوتی ہے جو ہارٹ اٹیک کی نشاندہی کرے۔

اس کا مطلب ہوتا ہے کہ دل کے مسلز کو خون کی مناسب مقدار نہیں مل رہی۔ تاہم سینے میں ہونے والیتکلیف اکثراوقات ہارٹ اٹیک کی تکلیف نہیں ہوتی۔ اگر آپ کو سینے میں تکلیف اٹھی ہے تو آپ یاد کریں کہ گزشتہ دنوں میں آپ کسی بھی طریقے سے اپنی چھاتی کے پٹھوں میں کھچاؤ تو نہیں پیدا کر بیٹھے۔ آپ نے گزشتہ روز ہی جم جانا شروع کیا ہو، بہت دنوں بعد کوئی مشکل کھیل کھیلا ہو یا آپ کی پسلیوں میں ٹینس بال یا کوئی اور چیز تیزی سے لگی ہو۔ تو اس کا مطلب ہو گا کہ آپ کی چھاتی کے پٹھے کھچاؤ کا شکار ہو چکے ہیں ، جو کروٹ لینے اور گہری سانس لینے میں تکلیف کا سبب بن رہے ہیں ۔تاہم اگر برف کی ٹکور کرنے اور بروفن جیسی گولی کھانے سے یہ تکلیف رفع نہیں ہو رہی اور آپ کو سانس معمول سے تیز آ رہی ہے تو آپ کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

ڈاکٹروں کا مزید کہنا تھا کہ ”سینے میں جو درد پسلیوں کے درمیانی پٹھے کھچ جانے کے باعث ہو وہ عموماً بروفن اور پیراسیٹا مول سے ہی بہتر ہو جاتا ہے۔ اگر اس درد کے ساتھ آپ کو بخار ہو، سردی لگ رہی ہو اور کھانسی آ رہی ہو تو آپ کو نمونیہ کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں بھی فوری ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے۔ سینے میں اچانک اٹھ کر ٹھیک ہو جانے والا درد زیادہ پریشان کن نہیں ہوتا۔ایسا درد جو ایک منٹ تک کے لیے رہے اور پھر ٹھیک ہو جائےوہ پٹھوں کی عارضی اینٹھن کے سبب ہوتا ہے۔ ایسا ہو تو آپ کو پرسکون رہنا چاہیے اور دوبارہ یہ درد ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔ اگر آپ کوئی کٹھن کام یا ورزش کرتے ہیں اور اس سے آپ کو سینے میں درد ہوتا ہے اگر یہ معمول بن جائے تو یہ خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے

کہ مشکل کام کرنے سے دل کو جو اضافی خون کی ضرورت ہے وہ پوری نہیں ہو رہی۔ اس کی وجہ خون کی وریدوں میں رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو ایکسرسائز سٹریس ٹیسٹ کروانا چاہیے۔“انہوں نے مزید بتایا کہ” اگر آپ کو سامنے کی طرف جھکنے پر سینے میں تکلیف ہو اور باقی پوزیشنز میں آپ بہتر محسوس کریں تو یہ صورتحال ’پری کارڈٹس‘ یا لوپس نامی خطرناک بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں بھی آپ کو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ اگر آپ کو چند منٹ سے سینے شدید اور مسلسل تکلیف ہے اور سینے پر دباؤ بھی محسوس ہو رہا ہے تو ایسی صورت میں یقینی طور پر آپ کو ہارٹ اٹیک آ رہا ہے۔ ایسی تکلیف ہونے پر فوری طور پر ایمبولینس کو کال کریں۔ان علامات کے ساتھ اگر آپ کا سانس بھی مختصر ہو رہا ہو تو یہ زیادہ سنگین خطرے کی علامت ہوتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *