رات کو سونے سے پہلے زیرے کا ایک چمچ ایک گلاس پانی میں ڈال کر رکھ دیں،
مشرقی مسالوں میں زیرے کا اپنا خاص مقام ہے، جس کی خوشبو اور ذائقے کا تصور کر کے ہی بھوک محسوس ہونے لگتی ہے۔ اس کا استعمال کھانوں کو مزیدار بنانے کیلئے تو ہوتا ہی ہے لیکن ابتدائی طور پر اسے صحت کے حیرت انگیز فوائد کی بناءپر کھانوں میں متعارف کروایا گیا تھا۔
مثال کے طور پر اگر آپ وزن کم کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں تو آپ کیلئے زیرے سے اچھا قدرتی تحفہ کیا ہوسکتا ہے۔جدید سائنسی تحقیق کے مطابق زیرے کا استعمال تیزی سے وزن کم کرتا ہے، جسم کی فالتو چربی میں کمی لاتا ہے اور منفی کولیسٹرول لیول کو بھی قدرتی طریقے سے کم کرتا ہے۔ زیرے میں تھائیمول اور دیگر ضروری روغنیات پائے جاتے ہیں جو سلاﺅری گلینڈ کو متحرک کرکے نظام انہضام کو بہتر بناتے ہیں۔ یعنی اگر آپ بدہضمی کا سامنا کررہے ہیں تو چٹکی بھر زیرے کو اپنی چائے میں شامل کر کے اس مسئلے سے نجات پا سکتے ہیں۔
اگر آپ زیرے کو وزن کم کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہ رہے ہیں تو ایک چمچ زیرہ پانی کے ایک گلاس میں شامل کرکے اسے ابالیں۔ جب پانی کی رنگت بھوری ہوجائے تو اسے چولہے سے اتار کر برتن کو ڈھانپ دیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد آپ زیرے اور پانی کے اس آمیزے کو دن میں تین بار پئیں۔ا گر آپ کو اس کا ذائقہ زیادہ تیز لگے تو ابلتے ہوئے پانی میں زیرہ ڈال کر پانی کو چھان لیں اور اس کے بعد ٹھنڈا ہونے کے بعد اسے استعمال کریں۔
اسی طرح آپ ایک چمچ زیرے کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھ سکتے ہیں۔ صبح کے وقت اسے ابالئے اور پی لیجئے۔ یہ نسخہ آپ کی چربی کو تیزی سے پگھلانے میں معاون ثابت ہو گا۔ زیرے کا کھانوں میں باقاعدگی سے استعمال بھی وزن کم کرنے میں مفید ثابت ہوتا ہے۔
اسے استعمال کرنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ تین گرام پسے ہوئے زیرے کو تھوڑے سے شہد میں ملالیں اور اسے باقاعدگی سے کھائیں۔ا سی طرح زیرے کو لہسن اور لیموں کے ساتھ ملا کر بھی وزن کم کرنے والا آمیزہ بنایا جاسکتا ہے۔ لہسن اور لیموں فالتو چربی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور جب انہیں زیرے کے ساتھ ملالیا جائے تو وزن کم کرنے کا بہترین نسخہ تیار ہوجاتا ہے۔
Leave a Reply