پی آئی اے نے ٹکٹ سے محروم رہنے والے پاکستانیوں کو خوش خبری سُنا دی

پی آئی اے نے ٹکٹ سے محروم رہنے والے پاکستانیوں کو خوش خبری سُنا دی

قومی ایئر لائن کے مطابق سعودی عرب سے مزید 28 پروازوں کی اجازت مانگی ہے، اگلے دو روز میں اجازت نامہ مل سکتا ہے

ریاض سعودی عر ب کی جانب سے مختلف ممالک میں پھنسے ویزہ ہولڈرز کو واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ جس کے بعد پاکستانیوں نے بھی دھڑا دھڑ ٹکٹوں کی بکنگ کروانا شروع کر دی ہے۔ گزشتہ روز پی آئی اے نے سعودیہ کے لیے 23 پروازوں کی ٹکٹس بکنگ شروع کی تو ایک ہی روز میں ان پروازوں کی تمام کی تمام 3 ہزار ٹکٹس فروخت ہو گئیں۔

اس صورت حال پر وہ پاکستانی پریشان ہیں جو جلدی واپس جانے کے خواہش مند ہیں مگر تمام ٹکٹس بک جانے کے باعث ان کی اب 30 ستمبر کے بعد ہی واپسی ممکن ہو سکے گی، کیونکہ یہ تمام پروازیں 30 ستمبر تک چلائی جانی تھیں۔ پی آئی اے نے پریشان پاکستانیوں کو ایک حوصلے بھری خبر سُنا دی ہے۔ قومی ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے بتایا ہے کہ جلد از جلد مزید پروازیں چلانے کے لیے پی آئی اے نے سعودی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں پی آئی اے کے چیئرمین نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف المالکی سے بھی ملاقات کی ہے۔ بکنگ پر بہت زیادہ رش ہونے کی وجہ سے سعودی انتظامیہ سے مزید 28 پروازوں کی اجازت مانگی گئی ہے۔ اُمید ہے کہ د و روز کے اندر اضافی پروازوں کی اجازت مل جائے گی۔اس معاملے میں پی آئی اے انتظامیہ سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ممکنہ اجازت کی صورت میں مزید پروازوں کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کے بعد پی آئی اے فلائٹ آپریشنز میں تیزی آ جائے گی اور مزید کئی ہزار پاکستانی جلد از جلد سعودی عرب واپس پہنچ جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *